.. title: §6ـ مکافات
.. slug: itoohavesomedreams/poem_6
.. date: 2018-11-12 21:20:49 UTC
.. tags: poem itoohavesomedreams rashid
.. link: 
.. description: Urdu version of "Mukāfāt"
.. type: text



| رہی ہے حضرتِ یزداں سے دوستی میری
| رہا ہے زہد سے یارانہ استوار مرا
| گزر گئی ہے تقدّس میں زندگی میری
| دل اہرمن سے رہا ہے ستیزہ کار مرا
| کسی پہ روح نمایاں نہ ہو سکی میری
| رہا ہے اپنی امنگوں پہ اختیار مرا
| 
| دبائے رکھا ہے سینے میں اپنی آہوں کو
| وہیں دیا ہے شب و روز پیچ و تاب انہیں
| زبانِ شوق بنایا نہیں نگاہوں کو
| کیا نہیں کبھی وحشت میں بے نقاب انہیں
| خیال ہی میں کیا پرورش گناہوں کو
| کبھی کیا نہ جوانی سے بہرہ یاب انہیں
| 
| یہ مل رہی ہے مرے ضبط کی سزا مجھ کو
| کہ ایک زہر سے لبریز ہے شباب مرا
| اذییتوں سے بھری ہے ہر ایک بیداری
| مہیب و روح ستاں ہے ہر ایک خواب مرا
| الجھ رہی ہیں نوائیں مرے سرودوں کی
| فشارِ ضبط سے بے تاب ہے رباب مرا
| مگر یہ ضبط مرے قہقہوں کا دشمن تھا
| پیامِ مرگِ جوانی تھا اجتناب مرا
| 
| لو آ گئی ہیں وہ بن کر مہیب تصویریں
| وہ آرزوئیں کہ جن کا کیا تھا خوں میں نے
| لو آ گئے ہیں وہی پے روانِ اہریمن
| کیا تھا جن کو سیاست سے سر نگوں میں نے
| کبھی نہ جان پہ دیکھا تھا یہ عذابِ الیم
| کبھی نہیں اے مرے بختِ واژ گوں میں نے
| مگر یہ جتنی اذییت بھی دیں مجھے کم ہے
| کیا ہے روح کو اپنی بہت زبوں میں نے
| اسے نہ ہونے دیا میں نے ہم نوائے شباب
| نہ اس پہ چلنے دیا شوق کا فسوں میں نے
| اے کاش چھپ کے کہیں اک گناہ کر لیتا
| حلاوتوں سے جوانی کو اپنی بھر لیتا
| گناہ ایک بھی اب تک کیا نہ کیوں میں نے؟


|right arrow link|_

|left arrow link|_



.. |right arrow link| replace:: |arrow_right| §5. گناہ اور محبّت  
.. _right arrow link: /itoohavesomedreams/poem_5

.. |left arrow link| replace::   §7. حزنِ انسان (افلاطونی عشق پر ایک طنز) |arrow_left| 
.. _left arrow link: /itoohavesomedreams/poem_7

.. admonition:: I Too Have Some Dreams: N. M. Rashed and Modernism in Urdu Poetry

  یہ ن م راشد کی نظم ہے ـ اس کا انگریزی ترجمہ اور ٹرانزلٹریشن میری کتاب
  کے ضمیمہ میں مل سکتا ہےـ اردو
  پڑھنے والوں کے لئے یہ پیج پیش کیا گیا ہےـ نستعلیق میں
  دکھانے کے لئے 
  `جمیل نوری نستعلیق فانٹ`_  انسٹال کیجئے.


  .. link_figure:: /itoohavesomedreams/
        :title: I Too Have Some Dreams Resource Page
        :class: link-figure
        :image_url: /galleries/i2havesomedreams/i2havesomedreams-small.jpg
        
.. _جمیل نوری نستعلیق فانٹ: http://ur.lmgtfy.com/?q=Jameel+Noori+nastaleeq
 

