.. title: §5ـ گناہ اور محبّت
.. slug: itoohavesomedreams/poem_5
.. date: 2018-11-12 21:20:49 UTC
.. tags: poem itoohavesomedreams rashid
.. link: 
.. description: Urdu version of "Gunāh aur muḥabbat"
.. type: text



| گناہ:
| 
| گناہ کے تند و تیز ش؛اوعلوں سے روح میری بھڑک رہی تھی
| ہوس کی سنسان وادیوں میں مری جوانی بھٹک رہی تھی
| مری جوانی کے دن گزرتے تھے وحشت آلود عشرتوں میں
| مری جوانی کے مے کدوں میں گناہ کی مے چھلک رہی تھی
| مرے حریمِ گناہ میں عشق دیوتا کا گزر نہیں تھا
| مرے فریبِ وفا کے صحرا میں حورِ عصمت بھٹک رہی تھی
| مجھے خسِ نا تواں کے مانند ذوقِ عصیاں بہا رہا تھا
| گناہ کی موجِ فتنہ ساماں اٹھا اٹھا کر پٹک رہی تھی
| شباب کے اوّلیں دنوں میں تباہ و افسردہ ہو چکے تھے
| مرے گلستاں کے پھول، جن سے فضائے طفلی مہک رہی تھی
| غرض جوانی میں اہرمن کے طرب کا سامان بن گیا میں
| گنہ کی آلائشوں میں لتھڑا ہوا اک انسان بن گیا میں
| 
| محبّت:
| 
| اور اب کہ تیری محبّتِ سر مدی کا بادہ گسار ہوں میں
| ہوس پرستی کی لخّتِ بے ثبات سے شرم سار ہوں میں
| مری بہیمانہ خواہشوں نے فرار کی راہ لی ہے دل سے
| اور ان کے بدلے اک آرزوئے سلیم سے ہم کنار ہوں میں
| دلیلِ راہِ وفا بنی ہیں ضیائے الفت کی پاک کرنیں
| پھر اپنے "فردوسِ گمشدہ" کی تلاش میں رہ سپار ہوں میں
| ہوا ہوں بے دار کانپ کر اک مہیب خوابوں کے سلسلے سے
| اور اب نمودِ سحر کی خاطر ستم کشِ انتظار ہوں میں
| بہارِ تقدیسِ جاوداں کی مجھے پھر اک بار آرزو ہے
| پھر ایک پاکیزہ زندگی کے لیے بہت بے قرار ہوں میں
| مجھے محبّت نے معصیت کے جہنّموں سے بچا لیا ہے
| مجھے جوانی کی تیرہ و تار پستیوں سے اٹھا لیا ہے


|right arrow link|_

|left arrow link|_



.. |right arrow link| replace:: |arrow_right| §4. وادیِ پنہاں  
.. _right arrow link: /itoohavesomedreams/poem_4

.. |left arrow link| replace::   §6. مکافات |arrow_left| 
.. _left arrow link: /itoohavesomedreams/poem_6

.. admonition:: I Too Have Some Dreams: N. M. Rashed and Modernism in Urdu Poetry

  یہ ن م راشد کی نظم ہے ـ اس کا انگریزی ترجمہ اور ٹرانزلٹریشن میری کتاب
  کے ضمیمہ میں مل سکتا ہےـ اردو
  پڑھنے والوں کے لئے یہ پیج پیش کیا گیا ہےـ نستعلیق میں
  دکھانے کے لئے 
  `جمیل نوری نستعلیق فانٹ`_  انسٹال کیجئے.


  .. link_figure:: /itoohavesomedreams/
        :title: I Too Have Some Dreams Resource Page
        :class: link-figure
        :image_url: /galleries/i2havesomedreams/i2havesomedreams-small.jpg
        
.. _جمیل نوری نستعلیق فانٹ: http://ur.lmgtfy.com/?q=Jameel+Noori+nastaleeq
 

