.. title: §29ـ حسن کوزہ گر ٤
.. slug: itoohavesomedreams/poem_29
.. date: 2018-11-12 21:20:49 UTC
.. tags: poem itoohavesomedreams rashid
.. link: 
.. description: Urdu version of "Ḥasan kūzah-gar 4"
.. type: text



| جہاں زاد، کیسے ہزاروں برس بعد
| اک شہرِ مدفون کی ہر گلی میں
| مرے جام و مینا و گلداں کے ریزے ملے ہیں
| کہ جیسے وہ اس شہرِ برباد کا حافظہ ہوں!
| (حسن نام کا اک جواں کوزہ گر۔۔اک نئے شہر میں۔۔
| اپنے کوزے بناتا ہوا، عشق کرتا ہوا
| اپنے ماضی کے تاروں میں ہم سے پرویا گیا ہے
| ہمیں میں (کہ جیسے ہمیں ہوں) سمویا گیا ہے
| کہ ہم تم وہ بارش کے قطرے تھے جو رات بھر سے،
| (ہزاروں برس رینگتی رات بھر)
| اک دریچے کے شیشوں پہ گرتے ہوئے سانپ لہریں
| 			بناتے رہے ہیں،
| اور اب اس جگہ وقت کی صبح ہونے سے پہلے
| یہ ہم اور یہ نو جواں کوزہ گر
| 	ایک رویا میں پھر سے پروئے گئے ہیں!)
| 
| جہاں زاد۔۔
| 	یہ کیسا کہنہ پرستوں کا انبوہ
| 		کوزوں کی لاشوں میں اترا ہے
| 				دیکھو!
| یہ وہ لوگ ہیں جن کی آنکھیں
| 	کبھی جام و مینا کی لِم تک نہ پہنچیں
| یہی آج اس رنگ و روغن کی مخلوقِ بے جاں
| 	کو پھر سے الٹنے پلٹنے لگے ہیں
| یہ ان کے تلے غم کی چنگاریاں پا سکیں‌گے
| 	جو تاریخ کو کھا گئی تھیں؟
| وہ طوفان، وہ آندھیاں پا سکیں‌گے
| 	جو ہر چیخ کو کھا گئی تھیں؟
| انہیں کیا خبر کس دھنک سے مرے رنگ آئے۔۔
| 	(مرے اور اس نو جواں کوزہ گر کے؟)
| انہیں کیا خبر کون سی تتلیوں کے پروں سے؟
| انہیں کیا خبر کون سے حسن سے؟
| کون سی ذات سے، کس خدّ و خال سے
| 	میں نے کوزوں کے چہرے اتارے؟
| یہ سب لوگ اپنے اسیروں میں ہیں
| زمانہ، جہاں زاد، افسوں زدہ برج ہے
| اور یہ لوگ اس کے اسیروں میں ہیں۔۔
| جواں کوزہ گر ہنس رہا ہے!
| یہ معصوم وحشی کہ اپنے ہی قامت سے ژولیدہ دامن
| ہیں جویا کسی عظمتِ نا رسا کے۔۔
| انہیں کیا خبر کیسا آسیبِ مبرم مرے غار سینے پہ تھا
| جس نے مجھ سے (اور اس کوزہ گر سے) کہا:
| "اے حسن کوزہ گر، جاگ
| دردِ رسالت کا روزِ بشارت ترے جام و مینا
| 	کی تشنہ لبی تک پہنچنے لگا ہے!"
| یہی وہ ندا، جس کے پیچھے حسن نام کا
| 	یہ جواں کوزہ گر بھی
| پیا پے رواں ہے زماں سے زماں تک
| 		خزاں سے خزاں تک!
| 
| جہاں زاد میں نے۔۔حسن کوزہ گر نے۔۔
| 	بیاباں بیاباں یہ دردِ رسالت سہا ہے
| ہزاروں برس بعد یہ لوگ
| 	ریزوں کے چنتے ہوئے
| جان سکتے ہیں کیسے
| 	کہ میرے گل و خاک کے رنگ و روغن
| ترے نازک اعضا کے رنگوں سے مل کر
| 		ابد کی صدا بن گئے تھے؟
| میں اپنے مساموں سے، ہر پور سے،
| تیری بانہوں کی پہنائیاں
| 		جذب کرتا رہا تھا
| کہ ہر آنے والے کی آنکھوں کے معبد پہ جا کر چڑھاؤں۔۔
| یہ ریزوں کی تہذیب پا لیں تو پا لیں
| حسن کوزہ گر کو کہاں لا سکیں‌گے؟
| یہ اس کے پسینے کے قطرے کہاں گن سکیں‌گے؟
| یہ فن کی تجلی کا سایہ کہاں پا سکیں‌گے؟
| 	جو بڑھتا گیا ہے زماں سے زماں تک
| 			خزاں سے خزاں تک
| جو ہر نوجواں کوزہ گر کی نئی ذات میں
| 		اور بڑھتا چلا جا رہا ہے!
| وہ فن کی تجلی کا سایہ کہ جس کی بدولت
| 		ہمہ عشق ہیں ہم
| ہمہ کوزہ گر ہم
| 	ہمہ تن خبر ہم، ہمہ بے خبر ہم
| خدا کی طرح اپنے فن کے خدا سربسر ہم!
| (آرزوئیں کبھی پا یاب تو سَر یاب کبھی،
| تیرنے لگتے ہیں بے ہوشی کی آنکھوں میں کئی چہرے
| جو دیکھے بھی نہ ہوں
| کبھی دیکھے ہوں کسی نے تو سراغ ان کا
| 		کہاں سے پائے؟
| کس سے ایفا ہوئے اندوہ کے آداب کبھی
| آرزوئیں کبھی پا یاب تو سر یاب کبھی!)
| 
| یہ کوزوں کے لاشے، جو ان کے لیے ہیں
| 	کسی داستانِ فنا کے وغیرہ وغیرہ۔۔
| ہماری اذاں ہیں، ہماری طلب کا نشاں ہیں
| یہ اپنے سکوتِ اجل میں بھی یہ کہہ رہے ہیں:
| "وہ آنکھیں ہمیں ہیں جو اندر کھلی ہیں
| تمہیں دیکھتی ہیں، ہر اک درد کو بھانپتی ہیں
| 		ہر اک حسن کے راز کو جانتی ہیں
| کہ ہم ایک سنسان حجرے کی اس رات کی آرزو ہیں
| جہاں ایک چہرے، درختوں کی شاخوں کے مانند
| اک اور چہرہ پہ جھک کر، ہر انساں کے سینے میں
| 	اک برگِ گل رکھ گیا تھا
| اسی شب کا دزدیدہ بوسہ ہمیں ہیں!"


|right arrow link|_

|left arrow link|_



.. |right arrow link| replace:: |arrow_right| §28. حسن کوزہ گر ٣  
.. _right arrow link: /itoohavesomedreams/poem_28

.. |left arrow link| replace::   §30. میرے بھی ہیں کچھ خواب |arrow_left| 
.. _left arrow link: /itoohavesomedreams/poem_30

.. admonition:: I Too Have Some Dreams: N. M. Rashed and Modernism in Urdu Poetry

  یہ ن م راشد کی نظم ہے ـ اس کا انگریزی ترجمہ اور ٹرانزلٹریشن میری کتاب
  کے ضمیمہ میں مل سکتا ہےـ اردو
  پڑھنے والوں کے لئے یہ پیج پیش کیا گیا ہےـ نستعلیق میں
  دکھانے کے لئے 
  `جمیل نوری نستعلیق فانٹ`_  انسٹال کیجئے.


  .. link_figure:: /itoohavesomedreams/
        :title: I Too Have Some Dreams Resource Page
        :class: link-figure
        :image_url: /galleries/i2havesomedreams/i2havesomedreams-small.jpg
        
.. _جمیل نوری نستعلیق فانٹ: http://ur.lmgtfy.com/?q=Jameel+Noori+nastaleeq
 

