.. title: §27ـ حسن کوزہ گر ٢
.. slug: itoohavesomedreams/poem_27
.. date: 2018-11-12 21:20:49 UTC
.. tags: poem itoohavesomedreams rashid
.. link: 
.. description: Urdu version of "Ḥasan kūzah-gar 2"
.. type: text



| اے جہاں زاد،
| 	نشاط اس شبِ بے راہ روی کی
| 		میں کہاں تک بھولوں؟
| زورِ مے تھا، کہ مرے ہاتھ کی لرزش تھی
| 	کہ اس رات کوئی جام گرا ٹوٹ گیا۔۔
| تجھے حیرت نہ ہوئی!
| کہ ترے گھر کے دریچوں کے کئی شیشوں پر
| اس سے پہلے کی بھی درزیں تھیں بہت۔۔
| تجھے حیرت نہ ہوئی!
| 
| اے جہاں زاد،
| 	میں کوزوں کی طرف، اپنے تغاروں کی طرف
| اب جو بغداد سے لوٹا ہوں،
| 	تو میں سوچتا ہوں۔۔
| سوچتا ہوں: تو مرے سامنے آئینہ رہی
| سرِ بازار، دریچے میں، سرِ بسترِ سنجاب کبھی
| تو مرے سامنے آئینہ رہی،
| جس میں کچھ بھی نظر آیا نہ مجھے
| 	اپنی ہی صورت کے سوا
| اپنی تنہائیِ جانکاہ کی دہشت کے سوا!
| لکھ رہا ہوں تجھے خط
| 	اور وہ آئینہ مرے ہاتھ میں ہے
| اس میں کچھ بھی نظر آتا نہیں
| 	اب ایک ہی صورت کے سوا!
| لکھ رہا ہوں تجھے خط
| 	اور مجھے لکھنا بھی کہاں آتا ہے؟
| لوحِ آئینہ پہ اشکوں کی پھواروں ہی سے
| 		خط کیوں نہ لکھوں؟
| 
| اے جہاں زاد،
| 	نشاط اس شبِ بے راہ روی کی
| 		مجھے پھر لاۓگی؟
| وقت کیا چیز ہے تو جانتی ہے؟
| وقت اک ایسا پتنگا ہے
| جو دیواروں پہ، آئینوں پہ،
| 	پیمانوں پہ، شیشوں پہ،
| 		مرے جام و سبو، میرے تغاروں پہ
| 					سدا رینگتا ہے
| رینگتے وقت کے مانند کبھی
| 	لوٹ کے آۓگا حسن کوزہ گرِ سوختہ جاں بھی شاید!
| 
| اب جو لوٹا ہوں، جہاں زاد،
| 	تو میں سوچتا ہوں:
| شاید اس جھونپڑے کی چھت پہ یہ مکڑی مری محرومی کی۔۔
| جسے تنتی چلی جاتی ہے، وہ جالا تو نہیں ہوں میں بھی؟
| یہ سیہ جھونپڑا میں جس میں پڑا سوچتا ہوں
| میرے افلاس کے روندے ہوئے اجداد کی
| 		بس ایک نشانی ہے یہی
| ان کے فن، ان کی معیشت کی کہانی ہے یہی
| میں جو لوٹا ہوں تو وہ سوختہ بخت
| 			آ کے مجھے دیکھتی ہے
| دیر تک دیکھتی رہ جاتی ہے
| میرے اس جھونپڑے میں کچھ بھی نہیں۔۔
| کھیل اک سادہ محبّت کا
| شب و روز کے اس بڑھتے ہوئے کھوکھلے پن میں جو کبھی
| کھیلتے ہیں
| کبھی رو لیتے ہیں مل کر، کبھی گا لیتے ہیں
| 		اور مل کر کبھی ہنس لیتے ہیں
| دل کے جینے کے بہانے کے سوا اور نہیں۔۔
| حرف سرحد ہیں، جہاں زاد، معانی سرحد
| عشق سرحد ہے، جوانی سرحد
| اشک سرحد ہیں، تبسّم کی روانی سرحد
| دل کے جینے کے بہانے کے سوا اور نہیں۔۔
| (دردِ مجرومی کی،
| 	تنہائی کی سرحد بھی کہیں ہے کہ نہیں؟)
| 
| میرے اس جھونپڑے میں
| 	کتنی ہی خوشبوئیں ہیں
| جو مرے گرد سدا رینگتی ہیں
| اسی اک رات کی خوشبو کی طرح رینگتی ہیں۔۔
| در و دیوار سے لپٹی ہوئی اِس گرد کی خوشبو بھی ہے
| میرے افلاس کی، تنہائی کی،
| 	یادوں کی، تمنّاؤں کی خوشبوئیں بھی،
| پھر بھی اس جھونپڑے میں کچھ بھی نہیں۔۔
| یہ مرا جھونپڑا تاریک ہے، گندہ ہے، پرا گندہ ہے
| ہاں، کبھی دور درختوں سے پرندوں کی صدا آتی ہے
| کبھی انجیروں کے، زیتونوں کے باغوں کی مہک آتی ہے
| تو میں جی اٹھتا ہوں
| تو میں کہتا ہوں کہ لو آج نہا کر نکلا!
| ورنہ اس گھر میں کوئی سیج نہیں، عطر نہیں ہے،
| کوئی پنکھا بھی نہیں،
| تجھے جس عشق کی خو ہے
| 	مجھے اس عشق کا یارا بھی نہیں!
| 
| تو ہنسےگی، اے جہاں زاد، عجب بات
| کہ جذبات کا حاتم بھی میں
| اور اشیا کے پرستار بھی میں
| اور ثروت جو نہیں اس کا طلب گار بھی میں!
| تو جو ہنستی رہی اس رات تذبذب پہ مرے
| میری دو رنگی پہ پھر سے ہنس دے!
| عشق سے کس نے مگر پایا ہے کچھ اپنے سوا؟
| اے جہاں زاد،
| ہے ہر عشق سوال ایسا کہ عاشق کے سوا
| 	اس کا نہیں کوئی جواب
| یہی کافی ہے کہ باطن کی صدا گونج اٹھے!
| 
| اے جہاں زاد
| 	مرے گوشہِ باطن کی صدا ہی تھی
| 		مرے فن کی ٹھٹھرتی ہوئی صدیوں
| 			کے کنارے گونجی
| تیری آنکھوں کے سمندر کا کنارا ہی تھا
| 		صدیوں کا کنارا نکلا
| یہ سمندر جو مری ذات کا آئینہ ہے
| یہ سمندر جو مرے کوزوں کے بگڑے ہوئے
| 		بنتے ہوئے سیماؤں کا آئینہ ہے
| یہ سمندر جو ہر اک فن کا
| 	ہر اک فن کے پرستار کا
| 		آئینہ ہے


|right arrow link|_

|left arrow link|_



.. |right arrow link| replace:: |arrow_right| §26. حسن کوزہ گر  
.. _right arrow link: /itoohavesomedreams/poem_26

.. |left arrow link| replace::   §28. حسن کوزہ گر ٣ |arrow_left| 
.. _left arrow link: /itoohavesomedreams/poem_28

.. admonition:: I Too Have Some Dreams: N. M. Rashed and Modernism in Urdu Poetry

  یہ ن م راشد کی نظم ہے ـ اس کا انگریزی ترجمہ اور ٹرانزلٹریشن میری کتاب
  کے ضمیمہ میں مل سکتا ہےـ اردو
  پڑھنے والوں کے لئے یہ پیج پیش کیا گیا ہےـ نستعلیق میں
  دکھانے کے لئے 
  `جمیل نوری نستعلیق فانٹ`_  انسٹال کیجئے.


  .. link_figure:: /itoohavesomedreams/
        :title: I Too Have Some Dreams Resource Page
        :class: link-figure
        :image_url: /galleries/i2havesomedreams/i2havesomedreams-small.jpg
        
.. _جمیل نوری نستعلیق فانٹ: http://ur.lmgtfy.com/?q=Jameel+Noori+nastaleeq
 

