.. title: §17ـ زندگی سے ڈرتے ہو؟
.. slug: itoohavesomedreams/poem_17
.. date: 2018-11-12 21:20:49 UTC
.. tags: poem itoohavesomedreams rashid
.. link: 
.. description: Urdu version of "Zindagī se ḍarte ho?"
.. type: text



| ۔۔زندگی سے ڈرتے ہو؟
| زندگی تو تم بھی ہو، زندگی تو ہم بھی ہیں!
| آدمی سے ڈرتے ہو؟
| آدمی تو تم بھی ہو، آدمی تو ہم بھی ہیں!
| آدمی زباں بھی ہے، آدمی بیاں بھی ہے،
| اِس سے تم نہیں ڈرتے!
| حرف اور معنی کے رستہ ہائے آہن سے، آدمی ہے وابستہ
| آدمی کے دامن سے زندگی ہے وابستہ
| اِس سے تم نہیں ڈرتے!
| "ان کہی" سے ڈرتے ہو
| جو ابھی نہیں آئی، اُس گھڑی سے ڈرتے ہو
| اُس گھڑی کی آمد کی آگہی سے ڈرتے ہو!
| 
| ۔۔پہلے بھی تو گزرے ہیں،
| دَور نا رسائی کے، "بے ریا" خدائی کے
| پھر بھی یہ سمجھتے ہو، ہیچ آرزو مندی
| یہ شبِ زباں بندی، ہے رہِ خداوندی!
| تم مگر یہ کیا جانو،
| لب اگر نہیں ہلتے، ہاتھ جاگ اُٹھتے ہیں
| ہاتھ جاگ اُٹھتے ہیں، راہ کا نشاں بن کر
| نور کی زباں بن کر
| ہاتھ بول اُٹھتے ہیں، صبح کی اذاں بن کر
| روشنی سے ڈرتے ہو؟
| روشنی تو تم بھی ہو، روشنی تو ہم بھی ہیں،
| روشنی سے ڈرتے ہو!
| 
| ۔۔شہر کی فصیلوں پر
| دیو کا جو سایہ تھا پاک ہو گیا آخر
| رات کا لبادہ بھی
| چاک ہو گیا آخر، خاک ہو گیا آخر
| اژدہامِ انساں سے فرد کی نوا آئی
| ذات کی صدا آئی
| راہِ شوق میں جیسے راہرو کا خوں لپکے
| اک نیا جنوں لپکے!
| آدمی چلک اٹّھے
| آدمی ہنسے دیکھو، شہر پھر بسے دیکھو
| تم ابھی سے ڈرتے ہو؟
| ہاں، ابھی تو تم بھی ہو، ہاں، ابھی تو ہم بھی ہیں،
| تم ابھی سے ڈرتے ہو!


|right arrow link|_

|left arrow link|_



.. |right arrow link| replace:: |arrow_right| §16. وہ حرفِ تنہا (جسے تمنّائے وصلِ معنا)  
.. _right arrow link: /itoohavesomedreams/poem_16

.. |left arrow link| replace::   §18. دل، مرے صحرا نوردِ پیر دل |arrow_left| 
.. _left arrow link: /itoohavesomedreams/poem_18

.. admonition:: I Too Have Some Dreams: N. M. Rashed and Modernism in Urdu Poetry

  یہ ن م راشد کی نظم ہے ـ اس کا انگریزی ترجمہ اور ٹرانزلٹریشن میری کتاب
  کے ضمیمہ میں مل سکتا ہےـ اردو
  پڑھنے والوں کے لئے یہ پیج پیش کیا گیا ہےـ نستعلیق میں
  دکھانے کے لئے 
  `جمیل نوری نستعلیق فانٹ`_  انسٹال کیجئے.


  .. link_figure:: /itoohavesomedreams/
        :title: I Too Have Some Dreams Resource Page
        :class: link-figure
        :image_url: /galleries/i2havesomedreams/i2havesomedreams-small.jpg
        
.. _جمیل نوری نستعلیق فانٹ: http://ur.lmgtfy.com/?q=Jameel+Noori+nastaleeq
 

